انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ مقابلے پاکستان نے جیت لئے

Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

پشاور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے افغانستان کو شکست دیکر انٹرنیشنل پروفیشنل باکسنگ مقابلے جیت لئے، وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات واعلی تعلیم کامران بنگش نے کھلاڑیو ں میں انعامات تقسیم کئے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ فائنل میں پاکستان کے کامران عبدالوہاب نے افغانستان کے ٹاپ باکسر حامد خان، سجاد ہزارہ نے حسین اللہ اور یامین خان نے ہارون خان کو ہرایا۔ پاکستان کے سیف علی بٹ نے پاکستان ہی کے محمد ثاقب، محمد ثاقب نے امجد رسول، عادل سعید نے نعمان ، ظہور عباس نے واحد بخش سنگی کو ہرایا۔ مقابلوں میں افغانستان کے 5 اور پاکستان کے 15 باکسرز نے حصہ لیا۔ کامران بنگش نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کورونا وائرس میں کمی کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں جو خوش آئند ہے خصوصا پشاور میں بین الاقوامی باکسنگ کے مقابلے آئے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان باکسنگ مقابلے کرانا اہمیت کے حامل ہیں ، صوبے میں باکسنگ کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے اس قسم کے مقابلوں سے یہ سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کھیلوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے بجٹ دگنا کر دیا ہے ، کھیلوں کے میدان آباد کر دیئے ہیں، پشاور میں دو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرکٹ سٹیڈیم بن گئے ہیں ۔ پڑوسی ملک افغانستان کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی تعاون کریں گے، دونوں ممالک کے درمیان دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھیلوں پر یکساں توجہ دے رہے ہیں۔