وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 کے لوگو اور ٹرافی کی رونمائی کی

Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

خیبرپختونخوا حکومت کا کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک اور اہم قدم
رواں ماہ کے آخر تک لیگ کے تحت میچز کا آغاز ہوگا
ہاکی لیگ 2021 کا انعقاد صوبے میں قومی کھیل ہاکی کو دوبارہ فروغ دینے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ محمود خان
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 ء کے لوگو اور ٹرافی کی باضابطہ رونمائی کی ہے ۔ صوبے کی تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کے تحت رواں ماہ کے آخر تک میچز کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔ لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پشاور فالکن ، ملاکنڈ ٹائیگرز ، ڈیرہ اسماعیل خان سٹالین، ہزارہ واریئرز، بنوں پنتھرز، مردان بیرز ، ٹرائیبل لائنز اور کوہاٹ ایگلز شامل ہیں۔ لیگ کا پہلا میچ پشاور فالکن اور بنوں پنتھرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ خیبرپختونخوا ہاکی لیگ 2021 کے لوگو اور ٹرافی کی تقریب رونمائی جمعہ کے روز وزیراعلیٰ ہائوس پشاو رمیں منعقد ہو ئی ۔ وزیراعلیٰ محمود خان خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ صوبائی کابینہ کے اراکین کامران بنگش، انور زیب، ایم پی اے فخر جہان کے علاوہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ ، پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید ، سکواش لیجنڈ جان شیر خان’سیکرٹری سپورٹس عابد مجید ‘ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک’پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ’چیف کوچ خواجہ جنید’صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد سعید خان’صدر سید ظاہر شاہ ‘سیکرٹری ہدایت اللہ ‘ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس طارق خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اﷲ، اے ڈی اکائونٹس امجد اقبال سید ضیاء الرحمان بنوری ‘ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز سید ثقلین شاہ ‘ ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی’سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان’محب اللہ خان ‘ہاکی پلیئرز انٹرنیشنل و سابق اولمپنئز رحیم خان ‘وقاص ‘زاہد ‘جنید خان ‘نوید اقبال ‘سکواش کے ناصر اقبال ‘ایتھلیٹکس گولڈ میڈلسٹ و ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پشاور یونیورسٹی بحرکرم’امجید خان ‘ڈائریکٹرسپورٹس ضم شدہ اضلاع پیر عبداللہ شاہ’سکواش گولڈ میڈلسٹ عامر اطلس خان ‘ثناء ‘مہوش ‘کومل’ڈی ایس او پشاور تحسین اللہ خان ‘ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ،ایڈمنسٹریٹر شا ہ فیصل سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن خیبرپختونخوا اور سپورٹس کے حوالے سے ایک تاریخی دن کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ مذکورہ لیگ کا اجراء قومی کھیل ہاکی کی بحالی کی طرف ایک اہم سنگ میل ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت شروع دن سے کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور اس مقصد کیلئے شعبہ کھیل کا بجٹ کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ کھلاڑی ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہم نے اپنے نوجوانوں کو غیر ضروری سرگرمیوں سے نکال کر کھیل کی طرف راغب کرنا ہے اور اُنہیں دوبارہ سپورٹس گرائونڈ پر لانا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ لوگ ہاکی کو تقریبا ً بھول چکے ہیں ۔ اپنے قومی کھیل کی دوبارہ بحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ اُنہوںنے بونیر ، صوابی اور ملاکنڈ میں تین نئے آسٹرو ٹرف کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت ہاکی کے فروغ کیلئے نظر آنے والے اقدامات کر رہی ہے ۔ موجودہ صوبائی حکومت چارسدہ کوہاٹ ، ڈی آئی خان اور پشاور میں چار نئے ہاکی ٹرف بچھا چکی ہے جبکہ باجوڑ ، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں کام جاری ہے ۔ رواں مالی سال کے آخر تک خیبرپختونخوا میں بین الاقوامی معیار کے 12 آسٹر و ٹرف موجود ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی شعبہ کھیل جو اقدامات کئے گئے ہیں وہ کسی دوسرے صوبے میں موجود نہیں۔ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ، سپورٹس کمپلیکس قائم کئے جا چکے ہیں۔ اب ضلع کی سطح پر سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اس مقصد کیلئے متعلقہ حکام کو باضابطہ پروپوزل تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ہر ضرورت پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ضم اضلاع میں بھی کھیلوں کی بحالی پر کام جاری ہے ، وہاں بھی سپورٹس کمپلیکس بنائیں گے۔اُنہوںنے کہاکہ ہاکی کی طرح دیگر اہم کھیلوں کرکٹ، فٹبال ، سکواش اور والی بال کے فروغ کیلئے بھی صوبائی حکومت بھر پور تعاون یقینی بنائے گی ۔ اُنہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔ ہم نے اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانا ہے اور اپنے گرائونڈز کو پھر سے آباد کرنا ہے ۔قبل ازیں سیکرٹری محکمہ کھیل عابد مجید نے ہاکی لیگ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ لیگ کے تحت میچز صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف میں کھیلے جائیں گے جن میں ڈی آئی خان ، بنوں ، کوہاٹ ، پشاور ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ ، خوراک ، رہائش، کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اُنہوںنے بتایا کہ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات کے علاوہ ٹرافی سیٹس ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے ۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے جبکہ تیسر ی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعامات دیئے جائیں گے ۔’سیکرٹری سپورٹس عابد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کا آغاز کررہے ہیں جو 30 ستمبر سے ہوگا پہلا میچ پشاور اور بنوں کی ٹیموں کے درمیان پشاور میں ہوگا مجموعی طور پر لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں ایک ٹیم ضم شدہ اضلاع کی ہوگی ان ٹیموں میں پشاور فالکن’ملاکنڈ ٹائیگرز ‘ڈی آئی خان سٹالینز ‘کوہاٹ ایگلز’ہزارہ وارئیرز ‘بنوں پینتھرز ‘مردان بیئرز اور ٹرائبل لائنز شامل ہیں’ان میں ہر ٹیم میں دو پاکستان کے انٹرنیشنل سینئر اور دو جونیئر کھلاڑی شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی لوکل ہوں گے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل پلیئرز کیساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اپنے کھیل میں بہتری لاسکیں’ونر کے لئے دس لاکھ’رنر اپ ٹیم کے لئے پانچ لاکھ روپے انعامی رقم رکھی گئی ہے اس کیساتھ تمام ٹیموں کی ٹرانسپورٹیشن ‘قیام و طعام بھی حکومت کی ذمہ داری ہوگی بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انٹرنیشنل لیول کی کٹس تقسیم کی جائیں گی ‘ٹیموں کی باقاعدہ نیلامی ہوگی اور تمام تر آمدن کھلاڑیوں پر ہی خرچ کی جائے گی’پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل آصف باجوہ نے اپنے خطاب میں لیگ کے انعقاد کو تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کوپہلے کرنا چاہئے تھا وہ خیبرپختونخوا کی حکومت پہلے کررہی ہے جس پر ہماری انہیں مکمل سپورٹ حاصل رہے گی انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کے لئے سکول آف ایکسیلینس کا بھی اعلان کیا جائے جہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوچز انڈر13 سے انڈر18 تک کے کھلاڑیوں کوتربیت دے سکیں’صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر سید ظاہر شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے کم عرصے میں صوبہ بھر میں آسٹروٹرف کا جال بچھا یا اور کھیلوں کے فروغ و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے انہوں مطالبہ کیا کہ دیگر شہروں کی طرح بونیر ‘صوابی اور ملاکنڈ میں بھی آسٹروٹرف بنائی جائیں جس پر وزیراعلیٰ محمود خان نے منظوری دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اضلاع میں بھی آسٹروٹرف بچھائیں ۔ہاکی لیگ کے ٹرائلز کے شیڈول کے مطابق 14 ستمبر کو پشاور ’15 ستمبر کو کوہاٹ ’16 ستمبر کو سوات ’18 ستمبر کو ڈی آئی خان’19 ستمبر کو بنوں ’21 ستمبر کو ایبٹ آباد جبکہ 23 ستمبر کو مردان میں ٹرائلز منعقد کئے جائیں گے ‘ ٹرائلز کمیٹی کے چیئر مین اولمپئن رحیم خان ہونگے جبکہ دیگرممبران میںاولمپئن نعیم اختر، انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی و کوچ یاسراسلام ،کوچ ضیاء الرحمان بنوری اوربالحاظ عہدہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدراورسیکرٹری ممبران ہونگے۔صوبے کے آٹھ ڈویژن کی ٹیمیں14 تا23 ستمبر تک تشکیل دیدی جائیںگی۔