ڈی جی سپورٹس آل پاکستان ماسٹرکپ ٹیبل ٹینس چیمئن شپ کا آغاز

Share on facebook
Share on twitter
Share on linkedin
Share on whatsapp

ملک بھر سے سو سے زائد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں ،پاکستان واپڈا کے شاہ خان اور پرنیا خان اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے
پشاور( سپورٹس رپورٹر) ڈی جی سپورٹس آل پاکستان ماسٹرکپ ٹیبل ٹینس چیمئن شپ گزشتہ روز پشاور سپورٹس کمپلیکس کے ایرینا ہال میں شروع ہوگئی جس میں ملک بھر سے سو سے زائد مردوخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔مردوں میں پاکستان واپڈا کے شاہ خان اور خواتین میں واپڈا کی پرنیا خان اپنے اعزاز کا دفاع کرینگے ۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے تھے ‘ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک اور ایم ڈی لیزر مارچ شیر عالم خان نے مقابلوں کا باضابط افتتاح کیاان کے ہمراہ صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر و آرگنائزنگ سیکرٹری کفایت اللہ خان،سیکرٹری جنرل محمد عثمان خان ‘ابصار ویلفیئر فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو ابصار علی ‘ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں’  اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کی فروغ اور ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ رواں مالی سال میں کھیلوں اور انفراسٹکچر کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے جس سے گراس روٹ لیول پر نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت نے انڈر16 اور انڈر21 کے کھلاڑیوں کیلئے ماہانہ وظیفہ بھی شروع کردیا ہے جس سے کھلاڑیوں کے کافی مسائل حل ہوجائینگے ۔اس موقع پر آرگنائزنگ سیکرٹری کفایت اﷲ نے کہا کہ صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور پشاور میں رنگا رنگ میلہ صرف اور صرف کھلاڑیوں کے لئے سجایا گیا ہے انہیں موقع دیا گیا ہے ملک بھر سے بہترین پرفارمنس دکھانے والے کھلاڑیوں کی ان مقابلوں سے رینکنگ بھی بنے گی جس کے لئے تمام کھلاڑی بھرپور محنت کررہے ہیں اورآئندہ بھی مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا’ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون اور صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ڈی جی سپورٹس آل پاکستان نیشنل ماسٹرکپ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں پنجاب ، سندھ ، بلوچستان ، آزاد جموں کشمیر ، گلگت بلتستان ، خیبرپختونخوا ،پاکستان واپڈا،پاکستان آرمی ، پاکستان ریلوے اور ہایئر ایجوکیشن کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں’ چیمپئن شپ17 جولائی تک جاری رہے گی۔